لاہور (اے بی این نیوز) معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی سابق اہلیہ ایمان فاطمہ نے جہیز کے سامان کی واپسی، بیٹے کے ماہانہ اخراجات اور اپنے ذاتی اخراجات کی ادائیگی کے لیے لاہور کی گارڈین عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق ان کے والدین نے شادی کے موقع پر 87 لاکھ 92 ہزار 500 روپے مالیت کا جہیز دیا تھا، جو ان کے بقول تاحال رجب بٹ کے خاندان کی جانب سے واپس نہیں کیا گیا۔ ایمان فاطمہ نے عدالت سے جہیز کا سامان واپس دلانے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رجب بٹ نے اپنے بیٹے کیون رجب بٹ کے اخراجات کے لیے مالی معاونت فراہم نہیں کی۔ ایمان فاطمہ نے نومبر 2025 سے بیٹے کے بالغ ہونے تک ماہانہ پانچ لاکھ روپے خرچ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ذاتی اخراجات کے لیے ماہانہ دو لاکھ روپے کی ادائیگی کی بھی استدعا کی ہے۔
ایمان فاطمہ کے مطابق رجب بٹ سوشل میڈیا کی معروف شخصیت ہیں اور لاکھوں روپے کماتے ہیں، اس لیے وہ اپنے بیٹے کے اخراجات برداشت کرنے کی مالی استطاعت رکھتے ہیں۔
عدالت نے درخواست پر رجب بٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔ جہیز کی واپسی اور اخراجات کی ادائیگی سے متعلق درخواستیں تاحال زیرِ سماعت ہیں، جبکہ رجب بٹ کا جواب سامنے آنے کے بعد معاملے کی مزید قانونی صورتِ حال واضح ہوگی۔
ایمان فاطمہ اور رجب بٹ کی شادی دسمبر 2024 میں ہوئی تھی، تاہم تقریباً ایک سال بعد دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ اس دوران ان کے ہاں بیٹے کیون رجب بٹ کی پیدائش ہوئی، لیکن بچے کی پیدائش کے باوجود دونوں کے درمیان صلح نہ ہوسکی۔
رجب بٹ ماضی میں اپنی سابق اہلیہ سے دوبارہ تعلق قائم کرنے کی خواہش نہ ہونے کا اظہار کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں کے درمیان طلاق کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے۔ درخواست میں طلاق کے نوٹس بھیجے جانے کا ذکر بھی کیا گیا ہے، جبکہ دونوں کے درمیان مختلف قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری















