اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال سمیت ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے ارکان نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو مذاکراتی عمل اور موجودہ صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو نشان امتیاز عطا کرنے کی تقریب کے بعد ہوئی۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے اتفاق کیا کہ کسی بھی آئینی اور قانونی اقدام سے قبل مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے باہمی مشاورت اور سیاسی رابطوں کو برقرار رکھنے پر بھی بات چیت کی گئی۔
مزید پڑھیں:صارفین کے لیے بڑی خبر، وزیراعظم کی گیس لوڈ مینجمنٹ بارے اہم ہدایت















