دبئی(اے بی این نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے گروپس کا اعلان کر دیا ہے ، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان گروپ مرحلے کا میچ 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
میگا ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ (گروپ اے) میں رکھا گیا ہے جس کے باعث کرکٹ شائقین کو اس ٹورنامنٹ میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان ممکنہ طور پر 3 سنسنی خیز میچز دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے علاوہ آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم بھی موجود ہوگی۔
گروپ بی میں شریک میزبان جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شامل کیا گیا ہے کہ جب کہ دوسری کوالیفائر ٹیم بھی اس گروپ کا حصہ بنے گی۔
پاکستان اور بھارت کے ایک ہی گروپ میں ہونے کا مطلب یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں ایک بار ابتدائی گروپ اسٹیج، دوسری بار ’سپر سیون‘ اور پھر سیمی فائنل یا فائنل میں بھی ٹکرا سکتی ہیں۔
ورلڈ کپ کا آغاز
ورلڈ کپ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے ونڈہوک میں 3 ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا، اس مرحلے کی فاتح ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی جب کہ ٹورنامنٹ کے مین راؤنڈ کا باقاعدہ آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن ہوگا جہاں بھارت اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 2003 میں جب جنوبی افریقا نے آخری بار ورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی، تب بھی فائنل انہی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شرکت کریں گی ، نئے فارمیٹ کے تحت پہلے 3 ٹیمیں 2 اکتوبر ایک ’سپر سیریز‘ کھیلیں گی، جن میں سے ایک ٹیم 12 ٹیموں پر مشتمل فائنل گروپ اسٹیج میں جگہ بنائے گی۔
اس کے بعد 6، 6 ٹیموں کے دو گروپس بنیں گے اور دونوں گروپس کی 7 بہترین ٹیمیں ’سپر سیون‘ مرحلے میں پہنچ جائیں گی، سپر سیون مرحلے کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی اور فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
ٹائٹل جیتنے والی کسی بھی ٹیم کو اس طویل سفر میں 13 میچز (5 گروپ میچز، 6 سپر سیون میچز، سیمی فائنل اور فائنل) کھیلنے ہوں گے تاکہ بہترین ٹیم ہی چیمپئن بن کر ابھرے۔
میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں جبکہ دیگر 8 ٹیمیں آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں اپنی پوزیشن کی بنیاد پر جگہ بنائیں گی۔
ورلڈ کپ 2027 میں باقی چار ٹیموں کا فیصلہ فروری اور مارچ 2027 میں ہونے والے کوالیفائنگ مقابلوں کے ذریعے ہوگا ، ان ٹیموں کو شیڈول میں کوالیفائر 1، کوالیفائر 2، کوالیفائر 3 اور کوالیفائر 4 کے نام سے شامل کیا جائے گا۔
دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے علاوہ آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ اور امریکا پہلے ہی کوالیفائر مرحلے میں شرکت کے لیے یقینی ٹیموں میں شامل ہیں ، مزید چار ٹیمیں جاری کوالیفائنگ مقابلوں کے نتائج کی بنیاد پر اس مرحلے میں شامل ہوں گی۔
واضح رہے کہ اس وقت ون ڈے رینکنگ میں بھارت پہلے، نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے، پاکستان چوتھے، آسٹریلیا پانچویں، انگلینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، افغانستان آٹھویں اور بنگلہ دیش نویں نمبر پر ہے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ یہ کوالیفائنگ ایونٹ اگلے سال کے آغاز میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔
ورلڈ کپ 2027 میں بھارت بھی خاص توجہ کا مرکز ہوگا، بھارت 2023 کے ورلڈ کپ میں اپنی تمام لیگ میچز جیت کر فائنل تک پہنچا تھا، تاہم فیصلہ کن مقابلے میں آسٹریلیا نے اسے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔
مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (جمعے) کا دن کیسا رہے گا؟















