اہم خبریں

ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات شروع، امریکی میڈیا کا دعویٰ

واشنگٹن(اے بی این نیوز) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی وفد نے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ثالثوں کے ذریعے ہونے والے مذاکرات میں مثبت گفتگو ہو رہی ہے۔

امریکی اہلکار کے حوالے سے میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جوہری معاملے پر لچک دکھائی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اقوام متحدہ اجلاس میں شرکت کے بعد اب بھی نیویارک میں موجود ہیں۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ ثالثوں کے ساتھ مذاکرات میں امریکی فریق کی نمائندگی کون کر رہا ہے۔

اس سے قبل امریکی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ قطری ثالث ایرانی وزیر خارجہ اور امریکی فریق کے ساتھ الگ الگ مذاکرات کریں گے۔ جنرل اسمبلی اجلاس میں ایران کی جانب سے پیش کی گئی 7 روزہ تجویز کے ترمیم شدہ مسودے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی “اسنا” نے بھی تصدیق کی تھی کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی پیر کو امریکا میں ثالثوں سے ملاقات کریں گے۔ اور دونوں فریق موجودہ صورتحال سے متعلق تازہ ترین تجاویز اور آرا کا جائزہ لیں گے۔

دوسری جانب العربیہ نے بھی دعویٰ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو پابندیوں میں نرمی کی پیشکش کی گئی ہے۔ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاملے میں مثبت پیشرفت پر ایران کے منجمد اثاثے بحال کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (منگل) کا دن کیسا رہے گا؟

متعلقہ خبریں