ابوظبی (اے بی این نیوز) اسرائیلی وزیرِ اعظم نتن یاہو نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کا غیر اعلانیہ دورہ کیا اور ابوظبی میں اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک اعلیٰ اسرائیلی عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ نتن یاہو نے اتوار کو ابوظبی کا دورہ کیا اور اماراتی صدر سے ملاقات کی۔ تاہم نتن یاہو کے دفتر اور متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے فوری طور پر اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
رپورٹس کے مطابق نتن یاہو نجی طیارے کے ذریعے ابوظبی پہنچے، دن کا بیشتر حصہ متحدہ عرب امارات میں گزارا اور اسی روز واپس اسرائیل روانہ ہوگئے۔ یہ دورہ ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔
دورے کے حوالے سے اس وقت خاص توجہ ایک حالیہ رپورٹ پر بھی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملے سے تقریباً ڈیڑھ ہفتہ قبل نتن یاہو کو حماس کی جانب سے بڑے حملے کی منصوبہ بندی سے خبردار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ اطلاع اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں یا فوج تک نہیں پہنچی۔ تاہم نتن یاہو نے اس دعوے کی تردید کی ہے، جبکہ متحدہ عرب امارات نے اس رپورٹ پر براہِ راست تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ رواں برس مئی میں بھی نتن یاہو کے دفتر کی جانب سے ان کے متحدہ عرب امارات کے دورے اور اماراتی صدر سے ملاقات کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے اس ملاقات کی تردید کردی تھی۔
حالیہ دورے کی تفصیلات اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو کے بارے میں تاحال اسرائیلی یا اماراتی حکومت کی جانب سے باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں بڑی سیاسی تبدیلی کا امکان، علی امین گنڈاپور سے متعلق اہم خبر















