اہم خبریں

ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کے لیے حکومت کا ایک اور اقدام، نیا ٹینڈر جاری

اسلام آباد (رضوان عباسی) وفاقی حکومت نے ایل این جی کے دو اسپاٹ کارگوز کی خریداری کے لیے ایک بار پھر کوششیں شروع کردی ہیں، اس سلسلے میں عالمی کمپنیوں سے بولیاں طلب کرنے کے لیے نیا ٹینڈر جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایل این جی کے دو کارگوز کی خریداری کے لیے عالمی کمپنیوں سے 18 نومبر تک بولیاں طلب کی گئی ہیں، جبکہ موصول ہونے والی بولیاں بھی 18 نومبر کو ہی کھولی جائیں گی۔

ٹینڈر کے تحت ایک ایل این جی کارگو کی سپلائی 14 سے 16 دسمبر 2026 اور دوسرے کارگو کی سپلائی 9 سے 11 جنوری 2027 کے لیے طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے مہنگی بولیاں موصول ہونے پر ایل این جی کے دو اسپاٹ کارگوز کی خریداری کا عمل روک دیا تھا۔ دسمبر اور جنوری کی سپلائی کے لیے مجموعی طور پر تین بولیاں موصول ہوئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق دسمبر 2026 کے لیے ایل این جی کی بولیاں 27.27 ڈالر سے 31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک موصول ہوئی تھیں، جبکہ جنوری 2027 کی سپلائی کے لیے صرف ایک بولی موصول ہوئی تھی، جس کی قیمت 27.01 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔

مہنگی بولیوں کے باعث سابقہ ٹینڈر مسترد کیے جانے کے بعد حکومت نے نئے سرے سے عالمی مارکیٹ سے ایل این جی کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیا ہے، تاکہ مطلوبہ مدت کے دوران گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موزوں قیمت پر کارگوز حاصل کیے جاسکیں۔
مزیدپڑھیں: پیدائشی طور پر دل کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو مفت علاج کی سہولت

متعلقہ خبریں