اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان میں آج بروز اتوار 27 ستمبر بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور بالائی دریاؤں کے کیچمنٹ علاقوں میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق یہ موسمی سرگرمی 29 ستمبر تک بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری رہ سکتی ہے۔
اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بھی بعض مقامات پر بارش اور گرج چمک متوقع ہے، جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو گرج چمک اور تیز ہواؤں کے دوران احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو مقامی موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مزیدپڑھیں: لانگ مارچ موخر ہونے کے باوجود کنٹینرز کی تعداد میں اضافہ















