اسلام آباد (اے بی این نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے مفاہمت کا راستہ کبھی بند نہیں کیا، حکومت سے رابطے آج بھی موجود ہیں۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ رابطوں اور مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا گیا، قیادت اور پارلیمانی پارٹی کی ملاقاتوں کے بعد پریس کانفرنسز بھی ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مطالبات پر پیش رفت نہیں ہوتی تو احتجاج روکنے کا مطالبہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہوگا تو حالات کیسے بہتر ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جمہوری معاشروں میں بہتری عملی اقدامات سے آتی ہے، ریاست سنجیدہ ہے تو عملی اقدامات کرے۔
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ ضرور ہوگا اور مکمل پُرامن ہوگا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے خاندان اور کارکنوں سے متعلق اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو اپنے اقدامات پر نظرثانی کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال سے ریاست اور جمہوریت کو نقصان ہوگا، عوام کے راستے میں رکاوٹیں نہیں ہونی چاہئیں۔
مزید پڑھیں:صرافہ مارکیٹ میں بڑی ہلچل، سونے کی قیمتیں مزید گر گئیں















