اہم خبریں

اسلام آباد میں احتجاج، مولانا فضل الرحمان کا بڑا مطالبہ سامنے آگیا

اسلام آباد میں احتجاج، مولانا فضل الرحمان کا بڑا مطالبہ سامنے آگیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ کا اِن کیمرا اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کچھ جماعتوں کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا گیا تو وفاقی دارالحکومت کو کنٹینرز سے بھر دیا گیا۔ مسائل کو پارلیمنٹ میں لایا جائے اور ان پر بحث کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں بیٹھے لوگ خاموش ہیں، پارلیمنٹ ہاؤس کا اِن کیمرا اجلاس بلایا جائے، جبکہ پارلیمانی رہنماؤں کا بند کمرے میں اجلاس بلانے کا کوئی فائدہ نہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک پر قرضوں کا دباؤ بڑھ گیا ہے، ہم بارہا کہتے رہے ہیں کہ دو صوبوں میں حکومتی رٹ موجود نہیں۔ سندھ جائیں تو وہاں اسٹریٹ کرائمز کا مسئلہ ہے، جبکہ بلوچستان میں دن دیہاڑے بینک لوٹے جا رہے ہیں۔ ایسا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں جس کے ذریعے بینکوں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ گزشتہ روز ان کے ایک سینیٹر عبدالشکور خان کو ایئرپورٹ پر روک دیا گیا جس کے باعث وہ چین نہیں جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے صوبے میں وزرا کو سڑکوں پر روک دیا جاتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو آگے بڑھنا چاہیے اور اس میں مصر اور ایران کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے قوم کو بے خبر رکھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں‌:بھارتی اداکارہ میتھو مکھرجی انتقال کر گئیں، شوبز انڈسٹری سوگوار

متعلقہ خبریں