اٹلی (اے بی این نیوز) اٹلی اور انٹر میلان کے سابق اسٹار فٹبالر سینڈرو ماتزولا 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ان کے انتقال کی تصدیق ہفتے کے روز ان کے سابق کلب انٹر میلان نے کی، جس نے سینڈرو ماتزولا کو فٹبال کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا۔
سینڈرو ماتزولا نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران انٹر میلان کے ساتھ 4 سیری اے ٹائٹل جیتے، جبکہ 1964 اور 1965 میں مسلسل 2 یورپی کپ اپنے نام کیے۔
انہوں نے انٹر میلان کی جانب سے 565 میچز کھیلے اور 158 گول اسکور کیے۔ 1964 کے یورپی کپ فائنل میں ریال میڈرڈ کے خلاف انٹر میلان کی 3-1 سے فتح میں بھی ماتزولا نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے 2 گول کیے تھے۔
سینڈرو ماتزولا نے اٹلی کی قومی ٹیم کی جانب سے 70 میچز کھیلے اور 22 گول اسکور کیے۔ وہ 1968 میں یورپی چیمپئن شپ جیتنے والی اٹلی کی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔
وہ 1970 کے عالمی کپ کے فائنل میں پہنچنے والی اطالوی ٹیم میں بھی شامل تھے، تاہم فائنل میں برازیل نے اٹلی کو 4-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
سینڈرو ماتزولا نے 17 سالہ شاندار پیشہ ورانہ کیریئر کے بعد 1977 میں فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ فٹبال سے وابستہ رہے اور انٹر میلان میں انتظامی ذمہ داریاں انجام دیں، جبکہ ٹورینو کے اسپورٹنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
سینڈرو ماتزولا کے انتقال پر فٹبال کی دنیا اور ان کے مداحوں میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ انٹر میلان سمیت مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں کا معاملہ، وزیر پیٹرولیم کا اہم اعلان سامنے آگیا















