اسلام آباد (اے بی این نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی تازہ عالمی رینکنگ جاری کردی، جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹیسٹ بیٹرز کی فہرست میں دو درجے ترقی حاصل کرلی۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے ہیری بروک پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ بابر اعظم دو درجے بہتری کے بعد 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے سعود شکیل نے بھی دو درجے ترقی حاصل کی ہے اور وہ 16ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ شان مسعود چار درجے بہتری کے بعد 37ویں نمبر پر آگئے۔
ٹیسٹ باؤلنگ رینکنگ
ٹیسٹ باؤلرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ انگلینڈ کے اولی رابنسن تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے نعمان علی ایک درجے تنزلی کے بعد 10ویں نمبر پر چلے گئے، جبکہ محمد عباس بھی ایک درجے تنزلی کے بعد 16ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
ون ڈے رینکنگ
ون ڈے باؤلرز کی فہرست میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں سلمان علی آغا نے ایک درجے ترقی حاصل کی اور وہ 14ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ
ٹی ٹوئنٹی باؤلرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان پہلی پوزیشن پر جبکہ پاکستان کے ابرار احمد دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
محمد نواز ایک درجے ترقی کے بعد آٹھویں نمبر پر آگئے، جبکہ سلمان مرزا دو درجے تنزلی کے بعد 18ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ صاحبزادہ فرحان ایک درجے تنزلی کے بعد دوسری سے تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلی پوزیشن پر جبکہ پاکستان کے صائم ایوب دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں پاکستان کی تنزلی
ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بھی پاکستان کو ایک درجے تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور قومی ٹیم نویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، نیوزی لینڈ تیسرے، بھارت چوتھے، انگلینڈ پانچویں، بنگلہ دیش چھٹے، سری لنکا ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کا اہم اجلاس طلب، تیل کے حوالے سے بڑے فیصلوں کا امکان















