اہم خبریں

امام الحق سے متعلق بڑی خبر، پی سی بی نے خبروں کی تردید کردی

امام الحق سے متعلق بڑی خبر، پی سی بی نے خبروں کی تردید کردی

لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے بیٹر امام الحق کے حوالے سے رپورٹ تیار کیے جانے کی خبروں کی تردید کردی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امام الحق سے متعلق رپورٹ تیار کیے جانے کی خبریں درست نہیں، کسی بھی کھلاڑی کے خلاف تاحال کوئی رپورٹ تیار نہیں کی گئی۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈریسنگ روم سے معلومات کے مبینہ اخراج اور دیگر معاملات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم تحقیقات کے اس مرحلے پر کسی کھلاڑی کے خلاف رپورٹ تیار نہیں ہوئی۔

پی سی بی نے واضح کیا کہ تحقیقات سے متعلق قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ اطلاعات کو حقائق کے طور پر پیش نہ کیا جائے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والی معلومات کی بنیاد پر ہی کسی حتمی نتیجے تک پہنچا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو مبینہ ڈریسنگ روم لیکس کے معاملے پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیش ہونا پڑا تھا، جہاں دونوں کھلاڑیوں سے انگلینڈ سیریز کے دوران ڈریسنگ روم کی حساس معلومات کے مبینہ اخراج اور موبائل فونز سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے موبائل فونز کے فرانزک سمیت مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم پی سی بی نے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ فی الحال کسی بھی کھلاڑی کے خلاف کوئی رپورٹ تیار نہیں کی گئی۔

دوسری جانب محمد رضوان بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کررہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس معاملے پر نیوز کانفرنس کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:حج اور عمرہ زائرین کے لیے نئی پابندی، اہم شرط لازمی قرار

متعلقہ خبریں