کوئٹہ (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، تاہم امن کے محافظوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید سپاہی عزت اللہ کی قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے زخمی سپاہی نصیب اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد جہاں بھی چھپے ہوں، انہیں تلاش کرکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور صوبے میں امن کے قیام کے لیے عزم غیر متزلزل ہے۔
مزیدپڑھیں:مستونگ میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ، سپاہی شہید، ایک اہلکار زخمی















