لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک بار پھر کرکٹ سیریز کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) دونوں روایتی حریفوں کو شامل کرکے سہ فریقی یا چار ملکی سیریز کے انعقاد کی تجویز پر غور کرسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) گزشتہ کئی برس سے بھارت کے ساتھ سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز دیتا رہا ہے، جس پر آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں دوبارہ غور متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) سے متعلق سیمینار 22 اور 23 ستمبر کو دبئی میں متوقع ہے، جس میں 12 ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک اور 8 ایسوسی ایٹ ارکان کے نمائندے شرکت کریں گے۔
اجلاس میں دو طرفہ ون ڈے یا ٹی20 سیریز کے مقابلے میں کثیر ملکی سیریز کے مالی اور تجارتی فوائد کا جائزہ لیے جانے کا امکان ہے۔ مجوزہ فارمیٹ میں پاکستان اور بھارت کے علاوہ ایک یا دو مزید ٹیمیں شامل کی جاسکتی ہیں۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ کرکٹ سیریز گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نہیں ہوئی۔ دونوں ٹیمیں اس دوران صرف آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل کے کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت کو کثیر ملکی ٹورنامنٹس میں پاکستان کے خلاف کھیلنے پر دو طرفہ سیریز کے مقابلے میں کم اعتراض ہے، تاہم کسی بھی قسم کے کرکٹ رابطے کے لیے دونوں ممالک کی حکومتوں کی منظوری ضروری ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اگر یہ تجویز آگے بڑھتی ہے تو پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ سیریز کے لیے متحدہ عرب امارات، انگلینڈ یا آسٹریلیا جیسے غیر جانب دار مقامات بھی زیر غور آسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:موٹر سائیکل سواروں کے لیے نمبر پلیٹ سے متعلق اہم سہولت کا اعلان















