مظفرآباد(اے بی این نیوز) نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے ایک دو روز میں انٹرنیٹ سروس اور داخلی و خارجی راستے بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔
مظفر آباد میں مرکزی ایوان صحافت کے پہلے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری، خصوصاً میرپور میں انٹرنیٹ کی بندش اور حالیہ احتجاج کے باعث ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی ایک پالیسی پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کاروباری سرگرمیاں بحال کرنے اور نقصانات کی تلافی میں مدد کرنے کی کوشش کریں گے، بچوں کو ہونے والا تعلیمی نقصان حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔
انہوں نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ آزاد جموں و کشمیر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا سے ملانے والے راستوں پر عائد پابندیاں ایک دو روز میں ختم کر دی جائیں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اگلے ایک یا دو دن میں کہیں بھی یہ بندشیں نظر نہیں آئیں گی، آمدورفت پر کسی بھی قسم کی کوئی پابندی یا رکاوٹ نہیں ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت سیاسی قوتوں اور ریاست کے عوام کو ایک ساتھ لانا چاہتی ہے تاکہ آزاد جموں و کشمیر کو آگے بڑھایا جا سکے، حکومت واقعی عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے، ایسی کوئی چیز نہیں ہونی چاہئے جو ریاست کے اندر اختلاف پیدا کرے یا بیرونی دنیا کو تقسیم کا پیغام دے۔
اس سے قبل نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کو فراہم کی گئی گرین الیکٹرک بسوں کے ٹرمینل کا دورہ کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی آج لاہور میں پارٹی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
مزیدپڑھیں: آج بروز اتوار 30 اگست ایرانی ریال کی تازہ ترین قیمت















