اہم خبریں

بادل برسانے والا نیا طاقتور سسٹم آج ملک میں داخل ہوگا،رین ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد(اے بی این نیوز)بادل برسانے والا نیا طاقتور سسٹم آج ملک میں داخل ہو گا، کل 27 اگست سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 اگست سے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں گرم اور مرطوب موسم برقرار ہے جبکہ سمندری ہواؤں کی رفتار کم ہو گئی ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، جنوب مغربی ہوائیں تقریباً 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔

لاہور میں رواں ہفتے بارش کا امکان کم ہے اور گرم و مرطوب موسم برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ بھکر، دالبندین میں درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ، نور پور تھل، نوکنڈی، خیرپور اور بہاولنگر میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے اس سے قبل اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارش کے باعث شہری سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور پہاڑی و نشیبی علاقوں میں خصوصی احتیاط کی ہدایت کی ہے۔

ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری شدید بارشوں کے باعث شہری معمولات متاثر ہونے پر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار والا نیا بائولر مل گیا

متعلقہ خبریں