اہم خبریں

پمز ہسپتال سانحہ، انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

پمز ہسپتال سانحہ، انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد (اے بی این نیوز) پمز ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے سے متعلق پمز انتظامیہ نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، جس میں آگ لگنے کی وجہ کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق این آئی سی یو میں انکیوبیٹر کے ساتھ آکسیجن کی مقدار بتانے والا نیبولائزر پھٹ گیا، جس کے باعث آکسیجن نے آگ پکڑ لی۔

رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے بعد دھواں پیدا ہوا جو پائپ کے ذریعے نومولود بچوں کے سانس میں گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی اموات آکسیجن کی فراہمی متاثر ہونے اور جھلسنے کے باعث ہوئیں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ ابتدا میں کم تھی تاہم بعد میں تیزی سے پھیل گئی۔

خیال رہے کہ پمز ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کے باعث 15 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ ریسکیو اور ہسپتال انتظامیہ کی ابتدائی معلومات کے مطابق آگ ایئرکنڈیشنر کے کمپریسر پھٹنے کے باعث لگی تھی، جبکہ آکسیجن سلنڈرز کی موجودگی کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی۔

واقعے کے دوران ایک نومولود بچے کو بچا لیا گیا، جبکہ جاں بحق بچوں کی میتیں بعد ازاں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔

والدین اور عینی شاہدین نے نرسری میں عملے کی عدم موجودگی اور دروازے بند ہونے کے الزامات عائد کیے، جبکہ ریسکیو اداروں کے مبینہ تاخیر سے پہنچنے کی شکایت بھی کی گئی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز نے عملے کی عدم موجودگی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی یو میں 2 ڈاکٹرز، 4 نرسز اور دیگر عملہ موجود تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں فائر سیفٹی کا تسلی بخش نظام موجود ہے۔

دوسری جانب سی ڈی اے نے آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں کے فوری پہنچنے کا دعویٰ کیا۔ سی ڈی اے کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پانے کے ساتھ بچوں کو فوری طور پر آئی سی یو منتقل کیا۔

ضلعی انتظامیہ نے پمز ہسپتال سانحے کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق انکوائری کمیٹی واقعے کی وجوہات، انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لے گی اور 24 گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ پمز انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ اور واقعے کے حوالے سے سامنے آنے والے دیگر بیانات میں آگ لگنے کی وجہ سے متعلق مختلف تفصیلات بیان کی گئی ہیں، جس کے باعث حتمی حقائق انکوائری رپورٹ کے بعد مزید واضح ہوں گے۔
مزید پڑھیں‌:پمز آتشزدگی: متاثرہ والدہ کا واقعے کو مبینہ سازش قرار دینے کا دعویٰ

متعلقہ خبریں