اہم خبریں

عثمان وزیر کی اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان، شیڈول سامنے آگیا

عثمان وزیر کی اگلی انٹرنیشنل فائٹ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں ہوگی

اسلام آباد(رضوان عباسی )پاکستان کے نامور پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے اپنی اگلی انٹرنیشنل فائٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں انڈونیشیا کے باکسر ایری آگسٹن کے خلاف رنگ میں اتریں گے۔

عثمان وزیر نے کہا کہ یہ ان کی 19ویں انٹرنیشنل فائٹ ہوگی، وہ اب تک 18 مقابلے جیت چکے ہیں اور آئندہ فائٹ میں بھی کامیابی حاصل کرکے ریکارڈ 19-0 کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیر نے کہا کہ ان کی آئندہ فائٹ کے لیے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے مالی معاونت فراہم کی ہے۔ کور کمانڈر پشاور کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے ہمیشہ تعاون کرتے رہے ہیں۔

عثمان وزیر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے نومنتخب وزیراعلیٰ امجد حسین سے بھی ملاقات ہوئی ہے، جنہوں نے ان کے مستقبل کے تمام مقابلوں کے حوالے سے تعاون کا یقین دلایا ہے۔

عثمان وزیر کی اگلی انٹرنیشنل فائٹ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں ہوگی
عثمان وزیر کی اگلی انٹرنیشنل فائٹ 26 ستمبر کو تھائی لینڈ میں ہوگی

انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا کے باکسرز چیلنجنگ ہوتے ہیں تاہم وہ اپنے آئندہ مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ان کا مقصد پاکستان کے لیے پروفیشنل باکسنگ میں نام روشن کرنا اور دنیا کے بہترین باکسرز کو شکست دینا ہے۔

عثمان وزیر نے کہا کہ پروفیشنل ایتھلیٹ کے کیریئر میں اسپانسرشپ انتہائی اہم ہوتی ہے، تاہم سیاسی مسائل کی وجہ سے انہیں اپنے کیریئر میں ہر وقت مطلوبہ سپورٹ نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دس ماہ سے مسلسل ٹریننگ کیمپ میں تیاری کر رہے ہیں۔

پاکستانی باکسر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے پہلا ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔ اگر باکسنگ فیڈریشن اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرے تو وہ اولمپکس میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔

عثمان وزیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے کیریئر میں جدوجہد دیکھی ہے، اس لیے مستقبل میں آنے والے باکسرز کی بھرپور حوصلہ افزائی اور معاونت کریں گے تاکہ پاکستان میں پروفیشنل باکسنگ کو فروغ مل سکے۔
مزید پڑھیں‌:نئے صوبوں کے معاملے پر نواز شریف خاموش، بڑی خبر سامنے آگئی

متعلقہ خبریں