اہم خبریں

یوٹیوبر رجب بٹ کی فلمی دنیا میں انٹری ،ہیروئن کون ہوگی؟

لاہور(اے بی این نیوز(پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ سوشل میڈیا کے بعد اب فلمی دنیا میں قسمت آزمانے کےلئے تیار ہیں۔ فیملی وی لاگز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے رجب بٹ جلد ایک نئی پاکستانی فلم میں اداکاری کرتے دکھائی دیں گے، جس میں ان کے ساتھ اداکارہ امر خان مرکزی کردار ادا کریں گی۔

رجب بٹ گزشتہ کئی برسوں سے یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر خاصے مقبول ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینل کو تقریباً 90 لاکھ افراد سبسکرائب کر چکے ہیں، جبکہ انسٹاگرام پر بھی ان کے تقریباً 30 لاکھ فالوورز ہیں۔ ان کی مقبولیت کے ساتھ ساتھ ان کی نجی زندگی اور مختلف تنازعات بھی اکثر سوشل میڈیا پر زیر بحث رہتے ہیں۔

اب رجب بٹ نے اپنی شہرت کو ایک نئے شعبے میں آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ ایک ایکشن کامیڈی فلم کے ذریعے بڑے پردے پر ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔

ایکشن اور مزاح سے بھرپور اس فلم کی کہانی سرمد ابراہیم نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض نامور ڈائریکٹر سید فیصل بخاری انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فلم کی شوٹنگ کا آغاز بھی ہو چکا ہے اور رجب بٹ کے ساتھ امر خان کو بطور مرکزی اداکارہ کاسٹ کیا گیا ہے۔

یوں یہ فلم رجب بٹ کے لیے نہ صرف فلمی دنیا میں پہلی پیش رفت ہوگی بلکہ ان کے مداحوں کے لیے بھی یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ وہ یوٹیوب کے بعد اداکاری کے میدان میں کس حد تک کامیاب ہوتے ہیں۔

فی الحال فلم کی شوٹنگ جاری ہے اور اس کی ریلیز سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
مزید پڑھیں: عالمی ومقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ

متعلقہ خبریں