اہم خبریں

مستونگ،وزیرداخلہ بلوچستان کے قافلے پر حملہ ،3پولیس اہلکاروں سمیت 6 افرادزخمی

مستونگ (اے بی این نیوز)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں صوبائی وزیر داخلہ کے قافلے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ حملے میں وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ گرو کے مقام پر پیش آیا، وزیرِ داخلہ میر ضیاء لانگو کا قافلہ قلات سے کوئٹہ جا رہا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی اہلکاروں میں نصر اللہ، سمیع اللہ اور زکریا شامل ہیں ، جنہیں شہید نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اہلکاروں کو کوئٹہ لے جایا گیا۔ زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

حملے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میر ضیاء لانگو نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے سے حوصلے پست نہیں ہونگے، مجھے ان پٹاخوں سے نہیں ڈرایا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملوں سے ہمارے عزم اور پاکستان سے محبت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، پاکستان زندہ باد تھا ، زندہ باد ہے ، زندہ باد رہے گا۔

علاوہ ازیں معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ ضیاء لانگو کے قافلے پر مستونگ کے علاقے فتنہ الہندوستان نے بزدلانہ حملہ کیا ، پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کے حملے کو بہادری سے پسپا کیا ، بزدل دشمن دم دما کر بھاگ گیا۔
مزید پڑھیں: بی آئی ایس پی نے ڈیجیٹل والیٹ اور بے نظیر سم کے لیے اہم ہدایات جاری

متعلقہ خبریں