اہم خبریں

ایرانی صدر کی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے اہم ملاقات، بڑا فیصلہ متوقع

ایرانی صدر کی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای سے اہم ملاقات، بڑا فیصلہ متوقع

تہران (اے بی این نیوز) ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر مسعود پزشکیان کی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں جنگ کی صورتحال سمیت ملک کو درپیش مسائل، عوام کی معاشی ضروریات اور مستقبل کے حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے اپنے دورِ صدارت کے تیسرے سال میں داخل ہونے کے موقع پر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کی۔

رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران ایران کو درپیش موجودہ مسائل اور مشکلات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ جنگ کی صورتحال، مستقبل کے حالات اور عسکری شعبے میں ہونے والی پیش رفت بھی زیرِ بحث آئی۔

دونوں رہنماؤں نے عوام کی معاشی ضروریات، روزگار کے مسائل، ملکی وسائل کے تحفظ اور اخراجات کے بہتر انتظام سے متعلق ممکنہ اقدامات پر بھی گفتگو کی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں ایرانی کرنسی، غیر ملکی زرمبادلہ اور توانائی سے متعلق امور سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط کے معاملات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ یہ ملاقات جولائی کے اواخر میں ہوئی تھی، جب مسعود پزشکیان اپنے عہدِ صدارت کے تیسرے سال میں داخل ہوئے۔

واضح رہے کہ مسعود پزشکیان نے 5 جولائی 2024 کو صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 28 جولائی 2024 کو آیت اللہ علی خامنہ ای نے انہیں باضابطہ طور پر صدر مقرر کیا، جبکہ 30 جولائی کو انہوں نے ایرانی پارلیمان کے سامنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔

مسعود پزشکیان کا انتخاب سابق صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد ہوا تھا۔

اس سے قبل مئی میں بھی ایرانی سرکاری میڈیا نے صدر پزشکیان کی مجتبیٰ خامنہ ای سے طویل ملاقات کی اطلاع دی تھی۔ مجتبیٰ خامنہ ای کے سپریم لیڈر بننے کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب ان کی کسی اعلیٰ حکومتی عہدیدار سے ملاقات کی خبر سامنے آئی تھی۔

مجتبیٰ خامنہ ای کے والد اور سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہوئے تھے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اسی حملے میں مجتبیٰ خامنہ ای بھی شدید زخمی ہوئے تھے۔

سپریم لیڈر کا منصب سنبھالنے کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای طویل عرصے تک عوامی اور میڈیا کی سطح پر منظرِ عام سے دور رہے، جبکہ ان کے پیغامات بھی سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری ہوتے رہے۔ اس وجہ سے ان کی صحت سے متعلق مختلف دعوے اور قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔

گزشتہ ہفتے ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نیوز نے مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں انہیں چند افراد کے ساتھ بیٹھے ہوئے دکھایا گیا۔ تاہم ویڈیو کی ریکارڈنگ کے وقت اور مقام سے متعلق کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

مجتبیٰ خامنہ ای کی تازہ ویڈیو اور صدر پزشکیان سے ملاقات کی اطلاعات کے بعد ایرانی سپریم لیڈر کی سرگرمیوں اور صحت سے متعلق معاملہ ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
مزید پڑھیں‌:شیر افضل مروت کی پی ٹی آئی قیادت پر تنقید، احتجاج اور نئے صوبوں پر بڑا بیان

متعلقہ خبریں