اسلام آباد (اے بی این نیوز) آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری میں پیش رفت ہوئی ہے جس کے مطابق نجکاری کا حتمی فیصلہ کابینہ کمیٹی مشاورت کے بعد کرے گی۔
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا جس میں آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نجکاری کمیشن کو ہدایت کی گئی کہ پاور ڈویژن کے ساتھ مشاورتی عمل اگلے ہفتے تک مکمل کیا جائے۔ پاور ڈویژن سے مشاورت کے بعد کابینہ کمیٹی نجکاری کا فیصلہ کرے گی۔
اجلاس میں نجکاری پروگرام میں مزید اداروں کو شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ کمیٹی نے نجکاری ڈویژن کی تجاویز کو ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا جب کہ نجکاری کمیشن کا بجٹ بھی ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا۔
پاور ڈویژن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے نجکاری کے سالانہ پروگرام اور مستقبل کے ایکشن پلان کا بھی جائزہ لیا اور نجکاری کمیشن کو نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل کو تیزی سے، باہمی رابطے اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں:شکیب الحسن پر پابندی عائد، وزیر کھیل نے اہم وجہ بیان کر دی















