اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کی والدہ محترمہ کلثوم فاروقی انتقال کرگئیں۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی والدہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور عوام سے مرحومہ کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا کی اپیل کی۔
اپنے پیغام میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ انتہائی دکھی دل کے ساتھ والدہ کے انتقال کی اطلاع دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کے مطابق مرحومہ کی نمازِ جنازہ ضلع بونیر کے گاؤں ڈگر میں ادا کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے بیرسٹر گوہر علی خان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بیرسٹر گوہر اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں:سونے کی اونچی اڑان، آج کی تازہ ترین قیمتیں















