اسلام آباد (اے بی این نیوز)ملک میں بارش برسانے والا نیا موسمی نظام داخل ہو گیا، جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں کوٹ لکھپت، ٹاؤن شپ، چوک ناخدا، سمن آباد، سگیاں اور مناواں میں بارش ہوئی، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہر اور گردونواح میں مزید بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف اوقات میں بارش کے امکانات 20 سے 80 فیصد تک ظاہر کیے ہیں۔
بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ شہر میں ہوائیں تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
واسا لاہور کی جانب سے جاری بارش کے اعداد و شمار کے مطابق ایئرپورٹ اور گردونواح میں سب سے زیادہ 75 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مناواں میں 47.8، تاجپورہ میں 29.2، شادی پورہ میں 20، مغلپورہ میں 18.8، ڈیفنس روڈ پر 14.8، کاہنہ میں 12.6، نشتر ٹاؤن میں 5.4، جوہر ٹاؤن میں 4.6، چوک ناخدا میں 3.4، سگیاں میں 2.4 اور گلبرگ ہیڈ آفس میں 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
ایم ڈی واسا غفران احمد کی جانب سے بارش کے بعد نکاسی آب کے آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ متعلقہ عملے کو نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی کے لیے متحرک رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی بادلوں کا راج ہے اور بعض مقامات پر بارش کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن بھر ہوائیں چلنے کے باعث موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ادھر لاہور میں بارش کے باعث ٹریفک پولیس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو بارش کے دوران ٹریفک انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور بارش سے متاثرہ مقامات پر ٹریفک اہلکاروں کو الرٹ رکھنے، پانی جمع ہونے والے مقامات پر بروقت بیریئرز اور وارننگ سائنز نصب کرنے اور بند راستوں سے متعلق شہریوں کو بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے امدادی ٹیموں اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے راستے کھلے رکھنے، لفٹر اور بریک ڈاؤن سروسز کو فیلڈ میں الرٹ رکھنے اور سپروائزری و فیلڈ اسٹاف کو شہریوں کی معاونت کے لیے متحرک رہنے کی ہدایت بھی کی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو بارش کے دوران بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں:گیس صارفین ہوشیار، ایل پی جی مہنگی، عوام پریشان















