کراچی (اے بی این نیوز) گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری ہے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے فری لانسرز کو سہولیات فراہم کرکے ترسیلات زر میں اضافہ کیا ہے۔
جمیل احمد کا کہنا ہے کہ اسلامی بینکاری کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی گئی ہے، اسٹیٹ بینک اس کے فریم ورک کو شریعت کے مطابق بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے 1948 میں اسٹیٹ بینک کا افتتاح کرتے وقت اسلامی مالیاتی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا اور حکومت نے دسمبر 2027 تک اسلامی بینکاری نظام کے نفاذ کے لیے حکمت عملی مرتب کی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ سرکاری اثاثوں کے لیے ایک جامع اثاثہ جات رجسٹر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے، اسلامی بینکاری کے لیے افرادی قوت کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:گندم کی فی من نئی سرکاری قیمت مقرر، عوام کے لیے اہم خبر















