اہم خبریں

یوم استحصال کشمیر ،وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیررانا محمد قاسم نون کااہم پیغام

یوم استحصال کشمیر ،وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیررانا محمد قاسم نون کااہم پیغام

اسلام آباد( اے بی این نیوز)یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ہم بھارتی غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر (IIOJK) کے بہادر عوام کی ثابت قدمی، قربانیوں اور عزمِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ 5 اگست 2019 وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے یکطرفہ طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کر کے بین الاقوامی قوانین، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کی صریح خلاف ورزی کی۔

یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیری عوام آج بھی اپنے بنیادی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت سے محروم ہیں، جس کی ضمانت اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں دی گئی ہے۔ برسوں سے جاری فوجی محاصرہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، بنیادی آزادیوں پر پابندیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکیں۔ وہ آج بھی آزادی، انصاف اور وقار کی جدوجہد پوری استقامت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی ہمیشہ بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا رہے گا، یہاں تک کہ انہیں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اپنی خواہشات کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہو جائے۔

بطور وفاقی وزیر اور چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر، میں اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ مسئلۂ کشمیر کو ہر علاقائی اور بین الاقوامی فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا جاتا رہے گا۔ عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات کے خاتمے اور مسئلۂ جموں و کشمیر کے منصفانہ، پائیدار اور پرامن حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

آج یومِ استحصال کے موقع پر ہم اپنے اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی، اور ان کی آزادی و انصاف کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ہمیں یقین ہے کہ حق، انصاف اور کشمیری عوام کی جائز امنگیں بالآخر ضرور کامیاب ہوں گی۔
پاکستان زندہ باد….کشمیر بنے گا پاکستان
مزیدپڑھیں‌:چیئرمین ایف بی آر کا اہم اعلان، تاجروں کے لیے بڑی خوشخبری

متعلقہ خبریں