اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور شمال مشرقی بلوچستان میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جو کل (منگل) تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار اور شدید موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، خطۂ پوٹھوہار، پشاور اور نوشہرہ میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کا الرٹ
اعلامیے کے مطابق دیر، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، شانگلہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔
اسی طرح کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خطۂ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
کن علاقوں میں بارش کی پیش گوئی؟
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بونیر، کوہاٹ، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، پشاور، مردان، ہنگو، ٹانک، لکی مروت، کرک، ڈی آئی خان، بنوں اور وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، ننکانہ صاحب، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، ساہیوال، لیہ، بھکر اور نورپور تھل میں بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان: گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر شدید موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حالیہ بارشیں اور درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد میں 77 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 73 ملی میٹر، بہاولپور میں 64 ملی میٹر، گجرات میں 54 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین میں 49 ملی میٹر جبکہ دیگر کئی شہروں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نوکنڈی اور سبی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی منڈی سے بڑی خوشخبری، پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کا امکان















