بھارت (اے بی این نیوز) بھارتی کرکٹر نے قومی ٹیم میں جگہ نہ ملنے پر مایوسی میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ناگپور شہر میں نوجوان خاتون کرکٹر نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر خودکشی کر لی۔
رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ لکشمی نگر میں پیش آیا جہاں 17 سالہ ادیتی چوکھنڈے نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر یہ قدم اٹھایا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ادیتی رات کو اپنے گھر والوں کے ساتھ کھانا کھانے کے بعد اپنے کمرے میں گئی اور اگلی صبح مردہ پائی گئی۔ پولیس کو کرکٹر کی لاش کے پاس سے ایک مبینہ خودکشی نوٹ بھی ملا ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق، نوٹ میں، ادیتی نے اعلیٰ سطح کی کرکٹ ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ اس نے اپنے بڑے بھائی کو بھی نصیحت کی کہ وہ کھیل جاری رکھیں اور اپنے والدین کا نام روشن کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکی نے ٹیم میں منتخب نہ ہونے پر خودکشی کی۔ تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب لڑکی کے اہل خانہ کے مطابق ادیتی کو بچپن سے ہی کرکٹ کا شوق تھا اور اس نے کرکٹر بننے کے لیے بہت محنت کی تھی۔
مزید پڑھیں:پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے لاہور اور راولپنڈی میں نوکریوں کا اعلان کر دیا















