کراچی (اے بی این نیوز) سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق نئی گیس پائپ لائن کی کمیشننگ کے باعث متعدد علاقوں میں رات بھر گیس دستیاب نہیں ہوگی۔
ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ سے معمار تک 16 انچ قطر کی نئی گیس پائپ لائن کی کمیشننگ کا کام آج رات انجام دیا جائے گا۔ اس دوران اس روٹ پر واقع تمام متعلقہ ٹی بی ایس (TBSs) کو نئی پائپ لائن پر منتقل کیا جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس اہم تکنیکی کام کے باعث آج رات 10 بجے سے اتوار کی صبح 10 بجے تک متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
ایس ایس جی سی کے مطابق جن علاقوں میں گیس کی فراہمی بند رہے گی ان میں گلشن اقبال کے بعض علاقے، گلشن معمار، ابوالحسن اصفہانی روڈ، میٹروول، اسکیم 33 کے بعض علاقے اور الآصف اسکوائر شامل ہیں۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کی بندش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گیس کے چولہے اور دیگر آلات بند رکھیں اور گیس کی فراہمی بحال ہونے تک غیر ضروری طور پر والوز کھلے نہ چھوڑیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ کمیشننگ کا کام مکمل ہونے کے بعد متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی مرحلہ وار بحال کر دی جائے گی۔
مزید پڑھیں:ایل پی ایل میں 2 نئے پاکستانی کرکٹرز شامل، شاہین آفریدی دستبردار















