لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان کے دو مزید کرکٹرز نے سری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں مختلف فرنچائزز کے ساتھ معاہدے کر لیے ہیں، جبکہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر لیگ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے نوجوان بلے باز خواجہ نافع کا ایل پی ایل کی فرنچائز جافنا کنگز کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ انہیں افغانستان کے اوپنر ابراہیم زدران کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر افتخار احمد بھی سری لنکا پریمیئر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ وہ دمبولا سکسرز کی نمائندگی کریں گے، جہاں انہیں افغانستان کے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ادھر کینڈی رائلز نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا پریمیئر لیگ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔
ایل پی ایل انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر لیگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ان کی عدم شرکت کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا پریمیئر لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت شائقین کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز رہتی ہے، جبکہ خواجہ نافع اور افتخار احمد کی شمولیت سے لیگ میں پاکستان کی نمائندگی مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی قیادت کا اہم فیصلہ،بڑی خبر سامنے آگئی















