دہلی (اے بی این نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے انگلینڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز کے اختتام پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریان ٹین ڈوشیٹ نے انگلینڈ میں ہی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا تھا۔ اب امکان ہے کہ وہ دوبارہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ بن جائیں گے۔
ریان ٹین ڈوشیٹ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی کامیابی کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہوئے تھے۔ اس وقت گوتم گمبھیر نے راہول ڈریوڈ کی جگہ بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں، جبکہ گمبھیر کی سفارش پر ٹین ڈوشیٹ کو معاون کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
بطور اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے بھارتی ٹیم کے بیٹنگ اور فیلڈنگ شعبوں میں اہم کردار ادا کیا۔ رپورٹس کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں وہ ایک بار پھر ابھیشیک نائر کے ساتھ کام کریں گے، جن کے ساتھ وہ ماضی میں بھی بھارتی ٹیم اور کے کے آر کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں۔
ریان ٹین ڈوشیٹ کا کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ پرانا تعلق ہے۔ بطور کھلاڑی انہوں نے 2012 اور 2014 میں کے کے آر کے ساتھ آئی پی ایل ٹائٹل جیتے، جبکہ 2022 میں وہ فرنچائز کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر واپس آئے تھے۔ وہ 2024 تک ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ رہے، جس دوران کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے گوتم گمبھیر کی سرپرستی میں ایک اور آئی پی ایل ٹرافی اپنے نام کی۔
بھارتی ٹیم کے ساتھ بطور معاون کوچ ان کے دور میں بھارت نے ایشیا کپ 2025 جیتا اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیابی سے دفاع بھی کیا۔
تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں بھارتی ٹیم کی کارکردگی متاثر کن نہ رہی۔ بھارت کو آسٹریلیا میں بارڈر گواسکر ٹرافی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر 3-0 اور جنوبی افریقہ نے 2-0 سے وائٹ واش کیا۔
ریان ٹین ڈوشیٹ کے استعفے کے بعد بھارتی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اپ میں مزید تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:امتیاز سپر اسٹور، ڈی واٹسن سمیت 6 بڑے اسٹورز کے امپورٹ کاغذات جعلی نکلے، مقدمات درج















