اہم خبریں

پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی،موسم کی تازہ ترین اپڈیٹ

پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی،موسم کی تازہ ترین اپڈیٹ

لاہور ( اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ 5 روز تک ملک کے مختلف حصوں بالخصوص پنجاب میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

لاہور سمیت صوبے کے کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور درجہ حرارت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں موسم مزید بہتر ہونے کا امکان ہے جب کہ گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق تیز ہواؤں کے باعث لاہور شہر میں درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب مسلسل بارشوں کے پیش نظر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران دریاؤں اور نہروں میں بعض علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے میں متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور برساتی نالوں، ندی نالوں، بجلی کے کھمبوں اور خستہ حال عمارتوں کے قریب جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں اور کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے غیر ضروری سفر کے دوران احتیاط برتیں۔
مزید پڑھیں‌:آزاد کشمیر انتخابات کے معاملے پر بڑی اپڈیٹ

متعلقہ خبریں