اہم خبریں

خوشخبری،نوجوانوں کے لیے ماہانہ وظیفہ حاصل کرنے کا سنہری موقع

خوشخبری، نوجوانوں کے لیے ماہانہ وظیفہ حاصل کرنے کا سنہری موقع

لاہور (اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو جدید ہنر سکھانے اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پنجاب شرمپ انٹرن شپ پروگرام 2026-27 کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کے تحت منتخب امیدواروں کو ایک سالہ عملی تربیت کے دوران ایک لاکھ روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

سرکاری اعلان کے مطابق پروگرام کے تحت مختلف تکنیکی اور پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے 100 نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔ تمام منتخب انٹرنز کو مظفر گڑھ کے علاقے علی والی میں واقع شرمپ اسٹیٹ میں تعینات کیا جائے گا جہاں انہیں جھینگا فارمنگ سے متعلق جدید شعبوں میں عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔

پنجاب شرمپ انٹرن شپ کے دوران شرکاء کو آبی زراعت کے مختلف شعبوں بشمول جھینگا فارمنگ، ہیچری آپریشنز، فیڈ کی تیاری، پروسیسنگ، لیبارٹری کا کام، کوالٹی کنٹرول اور بین الاقوامی معیار کے مطابق مارکیٹنگ کی تربیت دی جائے گی۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد پنجاب میں آبی زراعت کے شعبے کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔

درخواست کیسے دی جائے؟
اہل اور دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی درخواستیں پنجاب حکومت کے سرکاری جاب پورٹل jobs.punjab.gov.pk پر آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔ امیدوار پورٹل پر “پنجاب شرمپ انٹرنشپ پروگرام” تلاش کر سکتے ہیں اور متعلقہ زمرے میں درخواست فارم بھر سکتے ہیں۔

مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے امیدوار پراجیکٹ ڈائریکٹر، جھینگے ایکوا کلچر کے دفتر سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی، آج کی تازہ ترین اپڈیٹ

متعلقہ خبریں