اہم خبریں

آزاد کشمیر انتخابات، چیف الیکشن کمشنر کی پرامن انتخابات یقینی بنانے کی ہدایت

آزاد کشمیر انتخابات، چیف الیکشن کمشنر کی پرامن انتخابات یقینی بنانے کی ہدایت

میرپور (اے بی این نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران میرپور جہانگیر جرال، کوٹلی محمد ادریس بھٹی اور بھمبر حافظ سردار محمد اکرم خان نے اپنے اپنے اضلاع میں انتخابی تیاریوں سے متعلق چیف الیکشن کمشنر کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے بھی انتخابات کے سکیورٹی اور انتظامی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے انتخابات کے لیے کیے گئے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کا مشترکہ مقصد صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو عدلیہ، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں پر اعتماد ہے، اس اعتماد کو برقرار رکھنا تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹرز اور پولنگ عملے کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز کی مؤثر سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مرحلہ وار انتخابات کے حوالے سے مختلف تحفظات سامنے آئے، تاہم ایک ڈویژن کے نتائج کا دوسرے ڈویژن پر اثرانداز ہونے کا تاثر بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے مخصوص سیاسی حالات میں عوام اپنی اپنی سیاسی جماعتوں سے وابستہ ہیں، اس لیے انتخابی عمل کو ہر صورت شفاف اور غیر جانبدار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ باہمی رابطے اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں، انتخابی عمل سے متعلق افواہوں کا مؤثر تدارک کریں اور قومی مفاد میں عام انتخابات 2026 کو کامیاب بنائیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز مرحلہ وار پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ چکی ہیں اور تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ آزاد کشمیر میں پرامن، آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں‌:کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج رنگ لے آیا، بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی

متعلقہ خبریں