ویب ڈیسک: گوگل سرچ ٹریفک نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک انتہائی دلچسپ میچ کے دوران 28 سالہ تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ کمپنی کے مطابق ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے راؤنڈ آف 16 کے مقابلے کے دوران دنیا بھر کے صارفین نے غیرمعمولی تعداد میں گوگل پر معلومات تلاش کیں۔
گوگل کے مطابق عام حالات میں سرچ انجن پر ہر سیکنڈ تقریباً 99 ہزار سے زائد سرچز کی جاتی ہیں، جبکہ روزانہ یہ تعداد تقریباً 9 ارب تک پہنچ جاتی ہے۔ تاہم ورلڈ کپ کے اس اہم میچ میں سرچ ٹریفک نے تمام سابقہ ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیے۔
گوگل کے شعبہ نالج اینڈ انفارمیشن کے سربراہ نک فوکس نے بتایا کہ 7 جولائی (پاکستانی وقت کے مطابق 8 جولائی) کو ارجنٹینا کے فیصلہ کن گول کے فوراً بعد سرچ انجن پر غیرمعمولی سرگرمی دیکھی گئی۔ ان کے مطابق اسی لمحے گزشتہ 28 برس کی سب سے زیادہ سرچ ٹریفک ریکارڈ کی گئی۔
اگرچہ کمپنی نے فی سیکنڈ ہونے والی سرچز کی درست تعداد ظاہر نہیں کی، لیکن ترجمان کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن گول کے بعد گوگل سرچ ٹریفک میں ایسا اضافہ ہوا جیسے دنیا بھر کے صارفین ایک ہی موضوع پر معلومات تلاش کر رہے ہوں۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق عالمی کھیلوں کے بڑے ایونٹس، اہم سیاسی واقعات اور غیرمعمولی خبریں اکثر انٹرنیٹ پر سرچ سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کرتی ہیں، تاہم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اس مقابلے نے گوگل کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کر دی۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو ایک کے مقابلے میں صفر گول سے شکست دے کر 16 سال بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔















