اسلام آباد (رضوان عباسی): آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تنخواہ اور سرکاری مراعات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ دستیاب سرکاری ریکارڈ کے مطابق آڈیٹر جنرل کو سالانہ لاکھوں روپے تنخواہ کے ساتھ مختلف سرکاری سہولیات اور الاؤنسز بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔
ریکارڈ کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 7 لاکھ 72 ہزار 780 روپے مقرر ہے۔ اس کے علاوہ انہیں یوٹیلیٹیز کی مد میں ہر ماہ 35 ہزار 240 روپے جبکہ دیگر الاؤنسز کی مد میں 6 ہزار روپے بھی ادا کیے جاتے ہیں۔
یوں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی تنخواہ یوٹیلیٹیز اور الاؤنسز سمیت مجموعی طور پر 8 لاکھ 14 ہزار 20 روپے ماہانہ بنتی ہے، جبکہ سالانہ مجموعی تنخواہ 97 لاکھ 68 ہزار 240 روپے تک پہنچ جاتی ہے۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق آڈیٹر جنرل کے لیے اسلام آباد کے سیکٹر F-6/3 میں سرکاری رہائش گاہ مختص ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے 1800 سی سی سرکاری گاڑی بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ ماہانہ 580 لیٹر پٹرول کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
ریکارڈ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو سفر اور یومیہ الاؤنس (ٹی اے/ڈی اے) کی مد میں مجموعی طور پر 51 لاکھ 62 ہزار 563 روپے ادا کیے گئے۔
یہ تفصیلات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب سرکاری اداروں کے اخراجات، تنخواہوں اور مراعات سے متعلق معلومات عوامی دلچسپی کا مرکز بنی ہوئی ہیں اور مختلف حکومتی عہدوں پر تعینات اعلیٰ افسران کی مراعات پر بھی بحث جاری ہے۔















