اسلام آباد (اے بی این نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کے انتظامی امور، اعلیٰ تعلیم، جامعات کی صورتحال اور عوامی مسائل سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو صوبے کی مجموعی صورتحال اور پنجاب کی یونیورسٹیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ صدر آصف علی زرداری نے گورنر پنجاب کی عوامی خدمات کو سراہا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدر مملکت کو بتایا کہ گورنر ہاؤس کو عوامی گورنر ہاؤس میں تبدیل کر دیا گیا ہے، جہاں عوامی مسائل کے حل اور لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ غریب عوام اور پارٹی کارکنان کے لیے ہر وقت دستیاب رہتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں، جبکہ عوامی رابطے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سیاسی امور پر گفتگو کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب عوام بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائیں گے۔
ملاقات میں پنجاب کے انتظامی امور، اعلیٰ تعلیم، جامعات کی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
صدر مملکت نے گورنر پنجاب کو صوبے میں عوامی فلاح و بہبود اور اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں مزید اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں:پاک فوج کے 2 افسران سمیت 6 اہلکار شہید، 8 فتنہ الخوارج جہنم واصل















