اہم خبریں

آزاد کشمیر انتخابات ، پرامن انعقاد کے لیے 40 ہزار اضافی سکیورٹی اہلکار طلب

اسلام آباد (رضوان عباسی ) آزاد کشمیر پولیس نے 27 جولائی کو ہونے والے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے حکومتِ پاکستان سے 40 ہزار اضافی سکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ اس سلسلے میں اسپیشل سیکرٹری داخلہ کو ایک تفصیلی رپورٹ اور مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
اے بی این نیوز نے انتخابات کے لیے سکیورٹی ضروریات اور حساس مقامات سے متعلق اہم معلومات حاصل کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے موجودہ حالات کے پیشِ نظر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری فراہم کرنے کی سفارش کی ہے تاکہ انتخابات آزاد، منصفانہ اور پرامن ماحول میں منعقد کرائے جا سکیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق 27 جولائی کو آزاد کشمیر کے 33 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ انتخابات کے لیے 5 ہزار 926 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 33 لاکھ 94 ہزار 282 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر صورتحال قابو میں ہے، تاہم انتخابی مہم اور پولنگ کے دوران بعض عناصر کی جانب سے انتخابی عمل میں خلل ڈالنے کا خدشہ موجود ہے۔ ضلع نیلم میں واحد مرکزی شاہراہ ہونے کے باعث سکیورٹی خدشات زیادہ ہیں۔
پولیس کے مطابق میرپور ڈویژن کے برنالہ، سماہنی، بھمبر، ڈڈیال، چکسواری اور اسلام گڑھ سمیت 6 مقامات پر انتخابی عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ پونچھ ڈویژن میں راولاکوٹ، باغ، حویلی اور سدھنوتی میں جاری دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں کے باعث خصوصی سکیورٹی انتظامات کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیلوں کے پیشِ نظر امن و امان برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے اضافی سکیورٹی نفری کی تعیناتی ناگزیر ہے۔

مزید پڑھیں۔پاکستان تحریک رہنما کے بانی رہنما پارٹی بچانے میدان میں آگئے

متعلقہ خبریں