اسلام آباد (رضوان عباسی )اے بی این نیوز نے وفاقی حکومت کے پانچ سالہ نجکاری پروگرام کی نئی فہرست حاصل کر لی ہے، جس کے مطابق ملک کے تین بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو نجکاری پروگرام میں شامل کر دیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کی نجکاری پہلے مرحلے میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ ان تینوں ہوائی اڈوں کی نجکاری ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق کامیاب نجکاری کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) اور فرسٹ ویمن بینک کے نام نجکاری پروگرام کی فہرست سے خارج کر دیے گئے ہیں۔

پانچ سالہ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 25 سرکاری اداروں کو تین مراحل میں نجکاری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایک سال کے دوران 11 اداروں، دوسرے مرحلے میں ایک سے تین سال کے عرصے میں 13 اداروں جبکہ تیسرے مرحلے میں تین سے پانچ سال کے دوران ایک ادارے کی نجکاری مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔
پہلے مرحلے میں اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کے علاوہ روزویلٹ ہوٹل نیویارک، زرعی ترقیاتی بینک، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پاکستان انجینئرنگ کمپنی اور سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ کی نجکاری بھی شامل ہے۔
دوسرے مرحلے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو)، پشاور اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنیاں، جام شورو پاور کمپنی، سنٹرل پاور جنریشن کمپنی، ناردرن پاور جنریشن کمپنی، لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی، اسٹیٹ لائف انشورنس اور پاکستان ری انشورنس کمپنی شامل ہیں۔دستاویز کے مطابق تیسرے اور آخری مرحلے میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری مکمل کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:گروپ کیپٹن شہید کیس، ملزم کے خلاف بڑا عدالتی فیصلہ سامنے آگیا















