ڈھاکہ (اے بی این نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سابق صدر امین الاسلام نے آئی سی سی کو خط لکھ کر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی فنڈنگ منجمد کرنے کی درخواست کی ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بی سی بی کے سابق صدر امین الاسلام نے رواں ہفتے آئی سی سی کو 14 صفحات پر مشتمل خط بھیجا، جس میں انہوں نے بی سی بی کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھائے۔
رپورٹ کے مطابق امین الاسلام نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انہیں بی سی بی کے صدر کے عہدے پر بحال کرے اور اس وقت تک بورڈ کو مالی امداد فراہم نہ کرے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ خط کی تصدیق ہو گئی ہے اور آئی سی سی نے اس حوالے سے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد اس خط کے حوالے سے آئی سی سی کو باضابطہ جواب دے گا۔
دوسری جانب بی سی بی کے سابق صدر امین الاسلام نے اپنے بارے میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کی ہے۔
امین الاسلام نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ میں نے آئی سی سی سے بی سی بی کے فنڈز روکنے کی درخواست سے متعلق خبریں دیکھی ہیں، یہ سراسر جھوٹ ہے، ایسا کبھی ممکن نہیں، میری طرف سے ایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بعض لوگ مجھے پریشان کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، وہ ہمیشہ ناکام رہے ہیں اور اس بار بھی ناکام ہوں گے، میں آئی سی سی سے کبھی ایسی درخواست نہیں کروں گا جس سے بنگلہ دیش کو نقصان پہنچے، آئی سی سی میری کیوں سنے گی، اب میری آئی سی سی تک رسائی بھی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان، جانیے مکمل تفصیلات















