اہم خبریں

حکومت کا بڑا قدم، آسان اقساط پر سولر لگوانے کا پلان تیار

حکومت کا بڑا قدم، آسان اقساط پر سولر لگوانے کا پلان تیار

کراچی (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متوسط ​​طبقے کے لیے بہترین سولر پلان کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہری اپنے ماہانہ بجلی کے بل کے برابر قسط ادا کرکے سولر سسٹم لگا سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متوسط ​​طبقے کو بجلی کے بھاری بلوں سے مستقل طور پر نجات دلانے کے لیے بہترین اور تاریخی سولر انسٹالمنٹ پلان تیار کیا گیا ہے۔

سید مراد علی شاہ کا بتانا تھا کہ منصوبے کے تحت شہری اپنے ماہانہ بجلی کے بل کے برابر قسط ادا کر کے سولر سسٹم لگا سکیں گے، مثال کے طور پر اگر کسی کا ماہانہ بجلی کا بل 25 ہزار روپے آتا ہے تو وہ سولر لگا کر صرف 25 ہزار روپے ماہانہ ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ جیسے ہی یہ اقساط اگلے 3 سے 4 سال میں مکمل ہوں گی وہ بجلی کے بلوں سے ہمیشہ کیلئے آزاد ہو جائیں گے۔ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ متوسط ​​طبقے کو ریلیف دینے کیلئے سستے قرضوں کی خصوصی اسکیم اور کراچی میں سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت اب چھوٹی اسکیموں سے ہٹ کر میگا پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے جس کے تحت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کیٹی بندر پورٹ کا عظیم الشان منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس کے لیے صدر زرداری نے چین سے باضابطہ مذاکرات بھی مکمل کر لیے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بارش اور ژالہ باری، جانیے موسم کی تازہ اپڈیٹ

متعلقہ خبریں