اہم خبریں

بادل برسنے کو تیار،جانیے موسم بارے تازہ اپڈیٹ

بادل برسنے کو تیار،جانیے موسم بارے تازہ اپڈیٹ

اسلام آباد (اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے آج ملک بھر کے مختلف علاقوں میں موسم کی اہم پیش گوئی جاری کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کراچی کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے جب کہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں سمیت کئی شہروں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور مختلف مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت صبح 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے وقت پارہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

شہر میں تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس سے گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دوپہر کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے مقامی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اس دوران لاہور اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک رہ سکتا ہے۔

کراچی کے شہریوں کے لیے موسم نسبتاً خوشگوار رہنے کی توقع ہے، شہر قائد میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جب کہ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔ بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں جنوب مغرب سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے۔ گزشتہ رات گلشن اقبال، گلستان جوہر، ملیر، سکیم 33 اور دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
مزید پڑھیں‌:امریکا سے معاہدہ، ایرانی ریال نے اونچی اُڑان بھر لی، جانیے اہم تفصیلات

متعلقہ خبریں