لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی، یہ ملک ہم سب کا ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کی جنگ آئین کے اندر رہ کر لڑنی چاہیے، ن لیگ تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
نواز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر مسلم لیگ (ن) کا واضح موقف ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے، مسلم لیگ (ن) نے آئینی، بنیادی حقوق اور ترقی و پیشرفت کے حوالے سے آزاد کشمیر کے عوام کو ترجیح دی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ اس ملک میں ہم سب کو بھائیوں کی طرح رہنا ہے، کشمیریوں نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھا اور اس کے لیے کردار ادا کیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر نے مزید کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ نظریاتی اور فکری تعلقات برقرار رکھتے ہوئے پرامن رہیں، دھرنے ختم کریں اور بامقصد مذاکرات کریں، امید ہے آزاد کشمیر کے عوام، حکومت اور پاکستانی حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر امن کی بحالی کے لیے کردار ادا کریں گے، دشمن قوتوں کے مذموم مقاصد کو تقویت دینے والے کسی بھی عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور پاکستان کے دفاعی اداروں نے بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہمیں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے۔
ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت نے بھی شرکت کی۔ آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور دعائے مغفرت کی گئی۔
نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کو احسن طریقے سے چلانے پر انجینئر امیر مقام کی خدمات کو سراہا۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،امریکی جیٹ طیارہ گر کر تباہ،جانیے مکمل تفصیلات















