واشنگٹن: بل گیٹس نے امریکی کانگریس کے سامنے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ بدنام زمانہ سرمایہ کار اور مجرم جیفری ایپسٹین نے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق معلومات استعمال کرتے ہوئے ان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے کانگریس کی ایک کمیٹی کے روبرو بند کمرے میں دیے گئے بیان میں کہا کہ جب ان کے ایپسٹین سے روابط تھے تو وہ اس کے جرائم کی مکمل نوعیت سے آگاہ نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی ایپسٹین کو کسی مجرمانہ سرگرمی میں ملوث ہوتے نہیں دیکھا۔
اپنے بیان میں بل گیٹس نے کہا کہ ایپسٹین ان کی ازدواجی زندگی سے باہر تعلقات کے بارے میں معلومات رکھتا تھا اور انہی معلومات کو استعمال کرتے ہوئے انہیں دوبارہ رابطہ بحال کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے نے ان کے خاندان کو شدید تکلیف پہنچائی۔
امریکی کانگریس کی نگرانی کمیٹی اس وقت جیفری ایپسٹین اور اس کی قریبی ساتھی غزلین میکسویل سے متعلق مقدمات، حکومتی اداروں کے کردار اور تحقیقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔ اسی سلسلے میں بل گیٹس کو بھی وضاحت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
دستاویزات کے مطابق ایپسٹین اور بل گیٹس کے درمیان 2008 میں ایپسٹین کی سزا کے بعد بھی کئی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں فلاحی منصوبوں اور خیراتی سرگرمیوں پر بات چیت کی گئی۔ تاہم بل گیٹس ماضی میں بھی یہ اعتراف کر چکے ہیں کہ ایپسٹین سے ملاقاتیں کرنا ایک غلطی تھی۔
واضح رہے کہ جیفری ایپسٹین پر کم عمر لڑکیوں کی اسمگلنگ اور جنسی استحصال کے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔ 2019 میں گرفتاری کے بعد وہ جیل میں مردہ پائے گئے تھے جبکہ حکام نے اس کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔















