اہم خبریں

پولیس ایکٹ 2026 پر گورنر خیبرپختونخوا کا بڑا فیصلہ، دستخط کرنے سے انکار

پولیس ایکٹ 2026 پر گورنر خیبرپختونخوا کا بڑا فیصلہ، دستخط کرنے سے انکار

پشاور (اے بی این نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ سے منظور کیے گئے پولیس ایکٹ 2026 کے مسودے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کے خیال میں پولیس ایکٹ 2026 کا مسودہ غیر آئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی سے منظور ہوکر مسودہ ان کے پاس آئے گا تو وہ اس کا جائزہ لیں گے اور اعتراضات کے ساتھ واپس بھجوا دیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ موجودہ شکل میں پولیس ایکٹ کا مسودہ ناقابل قبول ہے اور وہ اسے منظور نہیں کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے خبردار کیا کہ اگر وفاقی حکومت اس ایکٹ کے خلاف عدالت گئی تو قانون کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہو یا وزیراعلیٰ، کوئی بھی غیر آئینی اقدام نہیں اٹھا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مؤقف تھا کہ پولیس کو غیر سیاسی کیا جائے گا، تاہم اب پولیس کو اپنے تابع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس کو ٹائیگر فورس نہیں بننے دیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے پولیس ایکٹ پر تحفظات کے ساتھ صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورت حال پر بھی سوالات اٹھائے۔
مزید پڑھیں‌:افغانستان کا بڑا دعویٰ من گھڑت قرار، وزارت اطلاعات نے حقیقت بتا دی

متعلقہ خبریں