اہم خبریں

شہریوں کیلئے گھر بیٹھے پاسپورٹ کی فراہمی، حکومت کا بڑا فیصلہ

پاسپورٹ ڈیلیوری سروس متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے نے شہریوں کیلئے ایک بڑی آسانی کی راہ ہموار کر دی ہے۔ نئی سروس کے تحت پاسپورٹ درخواست گزاروں کے گھروں تک پہنچایا جائے گا، جس سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ممکن ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے مختلف منصوبوں اور ڈیجیٹل اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران پاسپورٹ سسٹم کو مزید جدید اور عوام دوست بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں شہریوں کیلئے پاسپورٹ ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اس سروس کے ذریعے پاسپورٹ بنوانے والے افراد کو دستاویز وصول کرنے کیلئے دوبارہ دفتر آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ تیار شدہ پاسپورٹ ان کے دیے گئے پتے پر پہنچایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے نئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا اور پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔

اجلاس میں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی ڈیجیٹل ایپ کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ نئی ڈیجیٹل سہولیات کے باعث عوام کو مستقبل میں مزید آسان اور تیز رفتار خدمات میسر آئیں گی۔

حکومت کی جانب سے پاسپورٹ ڈیلیوری سروس کا آغاز عوامی سہولت کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے ملک بھر کے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے۔

متعلقہ خبریں