اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال اور ملکی سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کو پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، جبکہ خیبر پختونخوا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مختلف امکانات پر مشاورت کی گئی۔
جے یو آئی کے وفد میں مولانا لطف الرحمان، سینیٹر کامران مرتضیٰ اور سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش شامل تھے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان وزیراعظم کی دعوت پر ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہونا تھی اور وزیراعظم ہاؤس روانگی سے قبل پی ٹی آئی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا گیا۔
امیر جےیوآئی مولانا فضل الرحمان کی وفد کے ہمراہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات
ملاقات میں پارلیمانی لیڈر جےیوآئی خیبرپختونخوا اسمبلی مولانا لطف الرحمان، سنیٹر کامران مرتضٰی، سنیٹر مولانا عطاء الحق درویش شریک https://t.co/s61bZ1ClAK— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) October 10, 2026
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور انہیں عمرے کی ادائیگی پر مبارک باد دی تھی۔ وزیراعظم نے انہیں ملاقات کے لیے وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت دی، جسے جے یو آئی کے سربراہ نے قبول کرلیا تھا۔
ذرائع جے یو آئی کے مطابق وزیراعظم کا مولانا فضل الرحمان سے دو روز کے دوران چوتھی مرتبہ رابطہ ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کی صورتحال پر مشاورت کے لیے وزیراعظم نے دیگر سیاسی قائدین کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔
ملاقات میں صوبے کی موجودہ صورتحال، وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان تناؤ کم کرنے اور سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں سی سی ڈی طرز کا یونٹ قائم کرنے کی خبر بے بنیاد قرار















