لاہور( اے بی این نیوز) آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں بڑے تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے تحت وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مائیک ہیسن( Mike Hesson)، کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سلیکشن کمیٹی کے درمیان مشاورت کے بعد جس ٹیم پر غور کیا جا رہا ہے، اس میں تجربہ کار وکٹ کیپر کی جگہ نئی حکمتِ عملی اپنانے پر غور ہو رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مائیک ہیسن ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے فارمیٹ میں بھی محمد رضوان کی شمولیت کے حق میں نہیں ہیں۔ 33 سالہ محمد رضوان نے اب تک 103 ون ڈے میچوں میں 40.08 کی اوسط سے 2979 رنز اسکور کیے ہیں، جن میں 4 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بطور وکٹ کیپر وہ 113 کیچ اور 7 اسٹمپڈ بھی کر چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مارچ 2026 میں بنگلہ دیش کے خلاف آخری ون ڈے سیریز میں انہوں نے 58 رنز بنائے تھے۔
ادھر ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دوسرے وکٹ کیپر کے لیے عثمان اور مرزا سعد بیگ کے درمیان انتخاب پر غور کیا جا رہا ہے۔
مزید اطلاعات کے مطابق آسٹریلیا انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ پاکستانی ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں ٹریننگ شروع کرے گی اور ایک پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچز 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلے جائیں گے۔
مزید پڑھیں:حج آپریشنز سےمتعلق بڑی خبر سامنے آگئی،جانیے تفصیلات















