اہم خبریں

سرکاری ملازمین کے لیےعید پر حکومت کا اہم اعلان

پشاور (اے بی این نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے 22 مئی سے مئی کی تنخواہیں جلد جاری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کو بڑی خوشخبری سنا دی۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے مذہبی تہوار کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے سرکاری ملازمین کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔

عید کی تیاریوں اور قربانی کے لیے ملازمین کو مالی پریشانیوں سے بچانے کے لیے مئی کی تنخواہیں شیڈول سے 10 دن پہلے جاری کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد عید الاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جائے گی، صوبائی حکومت نے عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پر محکمہ خزانہ نے مئی کی تنخواہیں جلد جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ جس کے تحت ملازمین کو ادائیگیاں 20 مئی سے شروع ہو جائیں گی۔

مشیر خزانہ مزمل اسلم نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ اداروں اور بینکوں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ تنخواہوں کی بروقت اور فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

مزمل اسلم نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ خالصتاً عید الاضحیٰ کے بابرکت تہوار کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ سرکاری ملازمین بغیر کسی مالی دباؤ کے سنت ابراہیمی کی تکمیل کے لیے قربانی کے جانوروں اور عید کی دیگر ضروریات کی تیاریاں بروقت مکمل کر سکیں۔

واضح رہے کہ پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں نے بھی عید کے پیش نظر سرکاری ملازمین کو مئی کی تنخواہیں ایڈوانس جاری کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
مزید پڑھیں‌:بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی نئی اپ ڈیٹ سامنے آ گئی

متعلقہ خبریں