اہم خبریں

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

نیویارک(نیوز ڈیسک )عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اچانک نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ امریکی صدر کے ایران سے متعلق بیان کے بعد مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کے روز ابتدائی ایشیائی ٹریڈنگ میں تیل کی قیمتیں 2 فیصد سے زائد گر گئیں، برینٹ کروڈ فیوچرز تقریباً 3 ڈالر کمی کے ساتھ 109.09 ڈالر فی بیرل پر آگئے جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) بھی 107.28 ڈالر فی بیرل تک گر گیا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے ایران پر مجوزہ حملہ روک دیا ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا موقع دیا جا سکے، اس بیان کے بعد عالمی مارکیٹ میں فوری طور پر دباؤ کم ہوا، جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق صورتحال اب بھی غیر مستحکم ہے کیونکہ اس سے قبل مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث اسٹریٹ آف ہرمز میں ترسیل متاثر ہوئی تھی، جو عالمی تیل کی تقریباً پانچویں حصے کی نقل و حمل کا اہم راستہ ہے۔ دوسری جانب مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ وقتی طور پر دباؤ میں کمی آئی ہے، لیکن ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی اور صورتحال کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتی ہے۔

ادھر امریکی محکمہ خزانہ نے روسی تیل سے متعلق پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے بعض ممالک کے لیے آئل خریداری کی اجازت میں 30 دن کی توسیع بھی کر دی ہے۔ توانائی کے ماہرین کے مطابق عالمی ذخائر میں کمی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیل کی قیمتوں پر آئندہ دنوں میں بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں۔ایران پر آج حملہ کرنے والے تھے مگر سعودیہ، امارات اور قطر نے روکدیا، ٹرمپ

متعلقہ خبریں